پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے چینی وزیراعظم کے حالیہ دورہ پاکستان کو مکمل کامیاب قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں:دورہ پاکستان کے ذریعے دونوں ممالک میں وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں، چینی وزیراعظم
جمعہ کو پاکستان کے لیے چین کے سفیر جیانگ زیدونگ نے چینی سفارت خانے میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے ایک منتخب گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چینی اہلکاروں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ وہ ملک کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آتے ہیں۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چینی باشندے بے گناہ ہیں اور وہ اس طرح کی قربانی کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے اہل خانہ بھی اس طرح کے سانحے کے مستحق نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں:چینی وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب، گارڈ آف آنر پیش
چینی سفیر نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے حالیہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گی اور چینی اہلکاروں کی سلامتی، منصوبوں اور چینی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
چینی وزیر اعظم کے دورے سے چند روز قبل کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر دہشتگردوں کے حملے میں 2 چینی انجینئرز ہلاک ہوگئے تھے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چینی شہریوں پر رواں سال یہ دوسرا دہشتگردانہ حملہ ہے اور یہ قابل قبول نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح
چینی سفیر نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان اپنے بیانات کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کرے گی ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے اور جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس لعنت کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
سی پیک کے بینر تلے چینی سرمایہ کاری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ اعلی ٰ سطح کے منصوبے اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی انتظامات کے مستحق ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ، خودکش بمبار سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں
چینی وزیر اعظم کے دورے کے نتائج کے بارے میں بات کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ یہ دورہ مسلسل اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے درمیان ہوا اور خاص طور پر پاکستان کی نئی حکومت کے قیام کے بعد سے سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ چینی صدر شی جن پنگ نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔ ’ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ چینی صدر صرف سربراہان مملکت کو پیغامات بھیجتے ہیں، سربراہان حکومت کو نہیں‘۔
انہوں نے مزید کہاکہ ’دوستی مضبوط دو طرفہ تعلقات اور سربراہ مملکت کی سفارت کاری کی خصوصیت ہے۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تعلقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں گاڑی پر مبینہ خودکش حملہ، چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک
قبل ازیں ایک سینیئر چینی سفارتکار نے صحافیوں کو وزیر اعظم لی چیانگ کے دورے کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ سفارت کار نے مزید کہا کہ یہ دورہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔