امریکی فاسٹ فوڈ سے غائب ہوتی پیاز، وجہ کیا بنی؟

اتوار 27 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

برگر میں قلیل مقدار میں موجود تازہ مگر کچی یا تھوڑا فرائی کی ہوئی سبزیوں میں پیاز ناگزیر تصور کی جاتی ہے لیکن آج کل امریکا میں پیاز مخالف رجحان غالب ہورہا ہے، جس کی وجہ پیاز کی قلت یا اس کی بڑھتی ہوئی قیمت نہیں بلکہ صحت عامہ سے وابستہ خدشات ہیں۔

جی ہاں اور اس کا آغاز ہوا معروف امریکی فاسٹ فوڈ چین ‘میکڈونلڈز’ سے، جس کے ایک برگر سے جڑے فوڈ پوائزننگ کے کیسز کے بعد جہاں’مکڈونلڈز’ نے اپنے ’مرکزی ملزم برگر‘ کو مینیو سے نکال باہر کیا وہیں دیگر امریکی ریسٹورنٹس نے تو اپنے فاسٹ فوڈز آئٹمز میں پیاز کا استعمال ہی بند کرنا شروع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میکڈونلڈز کے سرخ اور پیلے ’لوگو‘ کے پیچھے اصل وجہ جانتے ہیں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی 10 ریاستوں میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں بیکٹیریا ای کولائی سے جڑے فوڈ پوائزننگ کے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں فیڈرل ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق کم از کم 49 افراد متاثر ہوئے تھے، جن میں سے ایک شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

ان واقعات کے بعد انٹرنیشنل ریسٹورنٹس برینڈز اور میکڈونلڈز کے حریف ‘برگر کنگ’ اور کے ایف سی، پیزا ہٹ کو چلانے والے ‘یم’ برینڈ نے اپنے مینیو آئٹمز سے تازہ پیاز کو ہٹانے کااعلان کیا، برگر کنگ کے تقریباً 5 فی صد ریسٹورنٹس نے مینیو سے پیاز کو ہٹا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں منفرد احتجاج، میکڈونلڈز میں چوہے چھوڑ دیے گئے

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں ای کولائی انفیکشن کے کیسز کو میکڈونلڈز کے کوارٹر پاؤنڈر ہیم برگر سے جوڑا جا رہا ہے اور ابتدائی تحقیقات میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر اسی ہیم برگر میں استعمال ہونے والی پیاز ای کولائی انفیکشن کا باعث ہو ئی ہو۔

میکڈونلڈز کے کوارٹر پاؤنڈر کو کچی، کٹی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، ان کیسز کے سامنے آنے کے بعد منگل کو میکڈونلڈز نے امریکا میں اپنے تقریباً 20 فی صد ریستورانوں کے مینیو سے کوارٹر پاؤنڈر کو نکال دیا تھا۔

مزید پڑھیں: میکڈونلڈز کو رکھیں مجھ سے دور، اداکارہ اشنا شاہ

امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے مرکز برائے بیماری کنٹرول اور بچاؤ یعنی سی ڈی سی کے مطابق ای کولائی انفیکشنز سے متاثر ہونے والے زیادہ تر شہریوں نے بیمار ہونے سے قبل میکڈونلڈز کا کوارٹر پاؤنڈر ہیم برگر کھانے کا اعتراف کیا تھا۔

سی ڈی سی کے مطابق ای کولائی ایک بیکٹیریا ہے جو ماحول، خوراک، پانی، انسانوں اور جانوروں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے، یہ انفیکشن شدید بیماری کا سبب بن سکتا ہے جس میں بخار، پیٹ درد اور خونی اسہال بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ’میکڈونلڈز بائیکاٹ مہم‘، فروخت میں 80 فیصد سے زائد کی کمی؟

میکڈونلڈز کے عہدے داروں کے مطابق کیلی فورنیا کی ‘ٹیلر فارمز’ کی جانب سے ایک ڈسٹری بیوشن فیسیلٹی پر پیاز بھیجی گئی تھی، میکڈونلڈز کے مطابق کٹی ہوئی اس پیاز کو ہٹا دیا گیا ہے، برگر کنگ کے تقریباً 5 فی صد اسٹورز کو بھی ٹیلر فارمز سے سپلائی ملتی ہے۔

لیکن کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے برگر کنگ نے ابھی تک صحت کے حکام سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی بیماری کے کوئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، دوسری جانب کے ایف سی اور پیزا ہٹ چلانے والی کمپنی یم کا کہنا ہے کہ وہ احتیاطاً پیاز کو ہٹا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp