عمران خان کے ویژن کے مطابق پسماندہ طبقوں اور علاقوں کو آگے لانے پر کام کررہے ہیں، علی امین گنڈاپور

پیر 28 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق پسماندہ طبقوں اور علاقوں کو آگے لانے پر کام کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ضم اضلاع کی بچیوں کو ماہانہ وظائف کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان وظائف کا بنیادی مقصد ضم اضلاع میں بچیوں کے داخلوں کی شرح میں اضافہ کرنا اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وارننگ دیتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے خلاف ڈراما بازی اور الزامات بند کیے جائیں، علی امین گنڈاپور

انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام شروع کرنے سے ضم اضلاع کے گرلز اسکولوں میں بچیوں کی انرولمنٹ میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ضم اضلاع کے لوگوں نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں اور مشکلات برداشت کی ہیں، اس لیے ضم اضلاع کے لوگوں کو سہولیات کی فراہمی پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بچیوں کی تعلیم ہماری چند اہم ترجیحات میں سے ایک ہے، تعلیم یافتہ بچیاں تعلیم یافتہ قوم کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جو تعلیم اور شعور ماں کی گود سے ملتا ہے وہ کسی ادارے سے نہیں ملتا، بچیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں، ان کے بارے میں معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

’بچیوں میں صلاحیتیں موجود، مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے‘

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ والدین اپنی بچیوں کی تعلیم وتربیت کے سلسلے میں اسلامی تعلیمات پر عمل کریں، ہماری بچیوں میں بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم تمام شعبوں میں بچیوں کو برابر کے مواقع فراہم کرنے پر کام کررہے ہیں۔ ضم اضلاع کی بچیوں کو وظائف کی فراہمی میں تعاون پر ورلڈ فوڈ پروگرام کے مشکور ہیں۔

انہوں ںے کہاکہ امید ہے ورلڈ فوڈ پروگرام اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔

ضم اضلاع کی طالبات کے لیے ماہانہ ایک ہزار روپے وظائف

واضح رہے کہ گرلز اسٹائیپنڈ پروگرام کے تحت ضم اضلاع کی چھٹی سے بارہویں کلاس تک کی بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظائف فراہم کیے جارہے ہیں۔

ضم اضلاع کی بچیوں کو ماہانہ وظائف کی فراہمی کے پروگرام پر مجموعی طور پر 1.14 ارب روپے لاگت آئے گی، اس لاگت کا 82 فیصد حصہ خیبرپختونخوا حکومت جبکہ باقی 18 فیصد ورلڈ فوڈ پروگرام فراہم کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت کا صوبے میں ’تعلیم کارڈ‘ کے اجرا کا فیصلہ

پروگرام کے تحت ضم اضلاع کے 514 گرلز اسکولوں کی 30 ہزار بچیوں کو وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں، یہ وظائف اسکولوں میں بچیوں کی کم سے کم 70 فیصد حاضری سے مشروط ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp