صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں آپریشن میں شہید ہونے والے میجر عاطف خلیل، نائیک آزاد اللّٰہ اور لانس نائیک غضنفر عباس کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
مزید پڑھیں:بنوں: سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کردیے، میجر سمیت 3 جوان شہید
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میجر عاطف خلیل، نائیک آزاد اللّٰہ اور لانس نائیک غضنفر عباس کو قوم کا سلام۔ پاک فوج کے جوانوں نے خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم فتنۃ الخوارج کے خلاف اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دفاع وطن کی خاطر ہمہ وقت چوکس ہیں۔ صدر نے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا اور شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔