ہانگ کانگ سپر سکسز: بھارت کو ہرا کر پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

جمعہ 1 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 6 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ہانگ کانگ سپر سکسز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ہانگ کانگ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے اور گرین کیپس کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز آصف علی (55 رنز) اور اخلاق احمد نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی بولرز کی درگت بناتے ہوئے ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے پورا کرلیا۔ بھارت کے خلاف فتح کے ساتھ پاکستان نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنالی۔

ہانک کانگ سپر سکسز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر فہیم اشرف کر رہے ہیں۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 13 رنز سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں:’بیڈمنٹن کھیلنے چلیں‘، ہانگ کانگ میں لڑکیاں اب اس کا کیا مطلب لیتی ہیں؟

سپر سکس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلی بار 1993 میں کیا گیا تھا تاہم یہ تواتر کے ساتھ نہ ہوسکا اور آخری ایڈیشن 2017 میں کھیلا گیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ 6 سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں واپس آیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں آصف علی، عامر یامین، دانش عزیز، حسین طلعت، شہاب خان اور محمد اخلاق شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم پول سی میں ہے اور اس کے ساتھ انڈیا اور یو اے ای شامل ہیں۔ ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔ کوارٹر فائنل 2 نومبر جبکہ سیمی فائنل اور فائنل 3 نومبر کو ہوں گے۔

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ موجودہ چیمپئن، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے 5 بار ٹورنامنٹ جیتا ہے جبکہ پاکستان 4 ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا، بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp