’12 سال میں ایک بار تو ہارنے کی اجازت ہے‘، صارفین نے کپتان کا مذاق بنا دیا

پیر 4 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو شکست دے کر پہلی بار ہوم سیریز میں وائٹ واش کردیا جبکہ بھارت کو اپنے گھر پر 12 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں شکست اور 24 سال بعد کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹیسٹ سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر تاریخی وائٹ واش کے بعد جہاں صارفین انڈیا کے کھلاڑیوں کو کارکردگی پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے دکھائی دیتے ہیں وہیں کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ’12 سال میں ایک بار تو ہارنے کی اجازت ہے‘ جس پر صارفین کی جانب سے ان کا مذاق بھی بنایا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے روہت شرما کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم کے کپتان کی ایسی ذہنیت رکھتے ہیں تو ہمیں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

ایک ایکس صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ والد اپنے بیٹے سے پوچھتا ہے کہ تم بارہویں کلاس میں کیوں فیل ہوئے تو جواباً بیٹا کہتا ہے کہ 12 سالوں میں ایک بار تو اجازت ہے۔

ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایسی صورتحال میں روہت شرما سے بہتر جواب دے دیتے۔

بہت سے صارفین روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیتے ہوئے بھی نظر آئے۔ ایک ایکس صارف نے لکھا کہ انڈین کرکٹ ٹیم آج کل انتہائی پریشان کن حالات سے گزر رہی ہے یہ وہ ٹیم تھی جسے عروج کی بلندیاں چھونے سے کوئی نہیں روک سکتا تھا لیکن کسی نے سچ کہا ہے کہ عروج کو زوال میں بدلتے وقت نہیں لگتا  انڈین سوشل میڈیا بھی اس وقت انڈین کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کر رہا ہے اور روہت شرما اور ویرات کوہلی پر پریشر بڑھایا جا رہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں۔

سیریز میں شرمناک کارکردگی کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما نے میڈیا سے گفتگو میں نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ واش کی ذلت آمیز شکست کا ذمے دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

ورلڈ سپورٹس نامی ایک صارف نے لکھا کہ روہت نے ایسا بیان اس لیے دیا کیونکہ انہیں 12 برس میں کوئی ٹرننگ پچ نہیں ملی انہوں نے صرف فلیٹ پچ پر رن ​​بنائے ہیں اوراب وہ بری طرح بے نقاب ہو گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی کو اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے کیونکہ وہ بیٹنگ نہیں کر سکتے اور نہ ہی پاکستانی کھلاڑی  بابراعظم جیسے ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کو 2000 کے بعد ہوم سیریز میں 24 سال بعد وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل جنوبی افریقا نے بھارت کو 2000 میں وائٹ واش کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp