امریکا میں صدارتی انتخاب کا انعقاد ہمیشہ نومبر کے پہلے منگل کو کیا جاتا ہے لیکن بہت کم لوگ ہی یہ جانتے ہیں کہ امریکی عوام اس مخصوص دن کو ہی اپنے ملک کے لیے نئے صدر کا انتخاب کیوں کرتے ہیں؟ آئیے جانتے ہین کہ امریکی انتخابات نومبر کے پہلے منگل کو ہی کیوں ہوتے ہیں؟
امریکا کی تمام ریاستیں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا دن اپنی مرضی سے طے کرتی تھیں جس کی وجہ سے اکثر انتشار پیدا ہو جاتا تھا، اس لیے 1845 میں پورے ملک میں ایک ساتھ عام انتخابات کا انعقاد کروانے کے لیے ایک دن مقرر کرنے کے لیے قانون پاس کیا گیا۔ امریکا میں یہ قانون پاس ہونے کے بعد نومبر کے پہلے منگل کو ملک میں عام انتخابات کے لیے منتخب کیا گیا۔
مزید پڑھیں:امریکا الیکشن: ٹرمپ اور ہیرس کی تقریروں میں چین کا ذکر کیوں نظر آتا ہے؟
نئے قانون کے تحت پورے ملک میں ایک ساتھ عام انتخابات کا انعقاد کروانے کے لیے نومبر کے پہلے منگل کو منتخب کرنے کی بہت سی وجوہات تھیں۔ 1845 میں امریکی شہری زیادہ تر زراعت کے پیشے سے وابستہ تھے اور اس وقت تک گاڑیاں بھی ایجاد نہیں ہوئی تھیں اس لیے نومبر کا آغاز ایک اچھا انتخاب تھا کیونکہ اس وقت تک فصل کی کٹائی کا موسم ختم ہوجاتا ہے اور موسم سفر کرنے کے لیے بھی بہتر ہو جاتا تھا۔
نومبر کے آغاز میں منگل کو اس لیے بھی منتخب کیا گیا کیونکہ اتوار کا دن عیسائیوں کے لیے صرف عبادت اور آرام کرنے کے لیے ہوتا ہے اور بدھ کے دن اس وقت امریکی کسان اپنی فصلیں بیچتے تھے۔ اس وقت دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو اپنے قریبی پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے میں بھی ایک دن لگتا تھا اس لیے پیر اور جمعرات کو بھی منتخب نہیں کیا جا سکتا تھا۔
یہی وجہ تھی کہ اس وقت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے منگل کا انتخاب کیا گیا تاکہ سب لوگ آسانی سے ووٹ ڈالنے کا اپنا حق استعمال کرسکیں۔ 1845 میں منگل کا دن شہریوں کی آسانی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے طے کیا گیا تھا لیکن آج کے دور میں یہ آسانی سے زیادہ زحمت بنتی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کی امریکا میں ملاقاتیں، کس طوفان کے آنے کا تہیہ ہے؟
آج امریکا میں 2 فیصد سے بھی کم لوگ زراعت کے شعبے سے وابستہ ہیں اور امریکی شہریوں کی اکثریت منگل کے دن مصروف ہوتی ہے اور اسی وجہ سے لوگوں کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے وقت نکالنے میں بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ امریکا میں عام انتخابات کے دوران ووٹرز کا ٹرن آؤٹ بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔
ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اگر منگل کا دن یکم نومبر کو ہو تو الیکشن دوسرے منگل کو مقرر کیا جائے گا کیوں کہ عیسائی مذہب میں اس دن کو ’آل سینٹس ڈے‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔