بعض پی ٹی آئی رہنما چاہتے ہیں عمران خان جیل سے رہا نہ ہوں، شیر افضل مروت

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے بعض لوگ چاہتے ہیں کہ عمران خان جیل سے رہا نہ ہوں۔

نجی چینل سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر اس معاملے پر بھی دھڑے بندی ہورہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی رہا نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی نظر نہیں آرہی، شیر افضل مروت

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کی باتیں محض بیانات ہیں اور کیونکہ صرف بیانات کی حد تک ہی دیکھا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت پہلے بھی عمران خان کی رہائی سے متعلق متنازعہ بیانات جاری کرتے رہے ہیں جن پر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان پر تنقید بھی کی گئی اور ان کی رکنیت ختم کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی والے میرے ساتھ سینگ نہ لڑائیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا رخ کریں، شیر افضل مروت

چند روز قبل پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیر افضل مروت کو خود کو قابو میں رکھنا ہوگا، اگر وہ پارٹی میں کوئی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں ایک موقع دے رہے ہیں لیکن اگر ان کی جانب سے نظم و ضبط کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

قبل ازیں، شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ انہیں عمران خان کی رہائی نظر نہیں آرہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف نہیں چاہیں گے، عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے ہمیں ڈی چوک پر احتجاج کرنا ہوگا، لیکن پہلے منصوبہ بندی ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp