پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، ریفرنس کے 35 گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی ہے اور اب 8 نومبر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ بشریٰ بی بی بھی پیشی کے لیے پہنچیں۔
یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان عدالت میں پیش، بشریٰ بی بی کیوں نہ آئیں؟
وکلا صفائی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے 35 گواہوں پر جرح مکمل کی گئی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح مکمل کی۔
ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی آفیسر عمر ندیم پر جرح مکمل ہونے میں 3 ماہ لگے، 37 سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر بالآخر جرح مکمل ہوئی۔
سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کے رو برو مؤقف اختیار کیاکہ ہم 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کردی ہے، اور اسی روز دونوں ملزمان کو 342 کے بیان کے سوالنامے دیے جائیں گے۔