وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب زدگان کے لیے ماڈل ویلیج کا افتتاح کردیا ہے۔
بدھ کے روز وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر گلگت ائیرپورٹ پہنچنے تو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، فورس کمانڈر ناردرن ایریاز، میجر جنرل سید امتیاز گیلانی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں، درجنوں مکانات و اراضی تباہ
وزیراعظم شہباز شریف نے غذر کے سیلاب متاثرہ علاقے بوبر میں 2022 کے سیلاب سے تباہ حال سیلاب متاثرین کے لیے نو تعمیر شدہ ماڈل ویلیج کا افتتاح کیا اور متاثرین کو ان کے نئے گھروں کی ملکیتی دستاویزات فراہم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کی تباہی کو دیکھتے ہوئے متاثرین کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے متعلقہ اداروں کو نئے گھروں کی توثیق تیسرے فریق سے کرانے اور ان گھروں کو موسم سرما کے قابل بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے علاقے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ڈسپنسری میں ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ اور زچگی کے شعبے سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، افتتاح کے دوران اسپتال کی سہولیات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال اور تعلیمی ادارے ہنگامی بنیادوں پر بنائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام
متاثرہ بچی کے لیے فنڈ کا اعلان
شہباز شریف نے ایک متاثرہ بچی قندیل کے لیے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان کیا گیا تھا، جو اب بڑھ کر 67 لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے ضلع غذر میں زیر تعمیر 216 کلومیٹر گلگت-شندور شاہراہ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
’مشکل وقت میں وفاقی حکومت نے علاقے کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا‘
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وفاقی حکومت نے علاقے کے عوام کا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم کا چیف منسٹر سیکریٹریٹ کا دورہ
بعد ازاں وزیر اعظم نے چیف منسٹر سیکریٹریٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نوجوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جن میں گریٹر واٹر سپلائی ہنزہ، عطا آباد جھیل سے پن بجلی پیدا کرنے اور علاقائی گرڈ کی تعمیر شامل ہے۔
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے انجینیئرنگ بلاک اور بلتستان یونیورسٹی کی بھی تعمیر
شہباز شریف نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے انجینیئرنگ بلاک اور بلتستان یونیورسٹی کی بھی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔۔
’حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا، جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور ایک سال کے اندر یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔
گلگت بلتستان میں دانش اسکول متعارف کرانے کا عندیہ
وزیراعظم نے قراقرم اور بلتستان یونیورسٹی کے لیے 50 کروڑ روپے کے انڈوومنٹ فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا اور تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے دانش اسکول متعارف کرانے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ قطری سرمایہ کار بھی گلگت بلتستان کے سیاحتی شعبے میں دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں، جو علاقے کی ترقی کے لیے خوش آئند ہے۔
اختتامی کلمات میں وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام جلد ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔