ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے صدر بننے سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تزویراتی اور چہار موسمی تعلقات ہیں، اس تعلق پر دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر کاربند ہیں، ہم پاک امریکا تعلقات کو دونوں ملکوں کے مفادات کی بنیاد پر بہتر بنانے کے خواہش مند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کی خاطر پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کریں گے، خواجہ آصف
صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کے کیس کی تفصیلات مانگی ہیں، پاکستانی سفارتخانے نے امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کی قومیت کے حوالے سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں اور آصف مرچنٹ تک قونصلر رسائی کی فراہمی کی درخواست بھی کی ہے۔
’قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے معاملے پر برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں‘
انہوں نے بتایا کہ فی الوقت باکو میں وزیراعظم کی بھارتی وزیراعظم سے کسی ملاقات کے طے ہونے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے، برطانیہ میں قاضی فائز عیسی پر حملے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اس حوالے سے برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے، پاکستان امریکا کے ساتھ تمام شعبوں میں اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے، ہم دہائیوں سے ایک دوسرے کو بڑے معاملات پر سپورٹ کرتے آئے ہیں اور اس شراکت داری کو وسیع کرنا چاہتے ہیں، 2 چینی شہریوں پر حملوں کے حوالے سے چینی حکومت سے رابطے میں ہیں، چینی باشندوں پر حملہ کی تحقیات جاری ہیں جن کے مکمل ہونے پر وزارت داخلہ اس پر بات کرے گی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ حساس کمیونیکیشنز کے حوالے سے گفتگو سیکرٹ ایکٹ میں آتی ہے، مشرقی ایشیا و میانمار میں ہمارے مشن مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے سرگرم ہیں وہاں ایسے اغوا کار گروپ سیکورٹی کے حوالے سے سنجیدہ خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ٹرمپ کا جہاز عمران خان کو لینے روانہ ہوگیا‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر پاکستانیوں کے دلچسپ تبصرے
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے بھی چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور چینی شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، چینی شہریوں اور پروجیکٹس کو پوری سکیورٹی مہیا کی جا رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدارتی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے کوئی نئی جنگ شروع نہ کرنے کے حوالے سے بیان پر کوئی کمنٹ نہیں کروں گی۔ لیکن اتنا کہوں گی کہ تمام ممالک کو دنیا کے امن کے لیے کام کرنا چاہیئے۔
’بھارت سے بات چیت کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا تاحال کوئی خط موصول نہیں ہوا‘
پنجاب میں اسموگ کے معاملے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھارت سے بات چیت کے لیے خط سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہیں، پنجاب میں اسموگ کا معاملہ کافی سنجیدہ ہے لیکن ابھی تک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کوئی خط موصول نہیں ہوا۔
’بھارت سے یاسین ملک کو علاج کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں‘
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یاسین ملک کی جیل میں خرابی صحت پر بھی فکرمند ہیں اور بھارتی انتظامیہ سے یاسین ملک کو معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یاسین ملک کا عدالتی قتل رکوایا جائے، مشعال ملک کا بھارتی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو خط
انہوں نے بتایا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم اور نسل کشی کے خلاف اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے فلسطین فرنسیسا البانیز کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور جنگی جرائم سے متعلق عالمی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کررہا ہے۔
گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں غزہ کی صورتحال اور وہاں اسپتالوں پر ہونے والے حملوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، پاکستان غزہ، لبنان اور فلسطین میں فوری جنگ بندی چاہتا ہے اور وہاں ہونے والی بم بماری اور بچوں کی قتل کی روک تھام چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ: قبل از وقت زچگی، ماؤں کی اموات میں اضافہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں صحت کی سہولیات کی اسرائیل کے ہاتھوں تباہی پر متفکر ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ فلسطینیوں تک انسانی اور طبی امداد کی رسائی بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے یو این آر ڈبلو اے ورکرز پر حملوں کی تحفظات کا اظہار کرتا ہے، ایسے حملوں سے فوری طبی امداد کے طلبگار فلسطینیوں کو امداد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
’وزیراعظم 11 نومبر کو ریاض جائیں گے‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جوائنٹ عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کے لیے 11 نومبر کو ریاض جائیں گے، سعودی حکومت نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کے لیے سمٹ کا انعقاد کیا ہے، سمٹ میں وزیر اعظم فلسطین کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کریں گے، سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شریک رہنماوں اور او آئی سی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو جواب دینے کے لیے او آئی سی واضح اور جرأت مندانہ منصوبہ تیار کرے، پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم 13 نومبر کو باکو میں کوپ 29 سمٹ میں شرکت کریں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، کوپ 29 ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب لاکھوں پاکستانیوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ آپریشن کی خبریں غلط ہیں، یہ خبریں دہشتگرد گروہوں نے پھیلائی ہیں جن کو سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے پنجگور میں اسمگلرز کے خلاف آپریشن کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کیا اور پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، فریقین نے مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور غزہ میں نسل کشی کی مذمت کی۔