حکومت پاکستان کا ’یوم اقبالؒ‘ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان

جمعرات 7 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ ایک ممتاز شاعر، اسکالر، باصلاحیت فلسفی اور پاکستان کے نظریاتی بانی تھے۔ 1930 میں مسلم لیگ کے الہ آباد اجلاس میں علامہ اقبالؒ پہلے سیاستدان بنے جنہوں نے دو قومی نظریے پیش کیا جس کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

یوم اقبالؒ کئی دہائیوں سے قومی سرکاری تعطیلات کے کیلنڈر پر تھا لیکن وزارت داخلہ نے 4 نومبر 2015 کو جاری ایک سرکلر کے ذریعے اس دن کو سالانہ تعطیل کے طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت نے 2022 میں تعطیلات بحال کر دی تھیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ ڈویژن کے سرکلر نمبر 10-02/2023-ایم ایم-2 کے تحت 20 دسمبر 2023 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سال 2024، ہفتہ 9 نومبر 2024 کو یوم اقبالؒ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

عام تعطیل کی بحالی کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی اور خواہش ظاہر کی تھی کہ نومبر کے مہینے میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی زندگی، کام اور فلسفے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پروگرام پیش کیا جائے۔

لاہور کی بادشاہی مسجد کے باہر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب روایتی طور پر اس دن کے لیے طے شدہ تقریبات کے آغاز کے طور پر کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp