اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کو عمران خان کی اہل خانہ اور وکلا سے منگل کو ملاقات کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم اور ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری اور سلمان اکرم راجہ کی صلح کرادی
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات طے تھی لیکن ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی، بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوئے، اسد قیصر اور شبلی فراز کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔
ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے جس میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 3 کوآرڈینیٹرز ہیں، ہمیں اس حوالے سے کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ 6 لوگ ملنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات پر پابندی، اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی تھریٹس کا ریکارڈ طلب
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ انتظار پنجوتھہ کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتا ہوئے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے ڈاکٹر دن میں 3 دفعہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں، جمعرات کو فیملی، وکلا اور ڈاکٹرز کے لیے مختص ہے، بدھ کا دن سیاسی رہنماؤں اور دوستوں کے لیے ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اگلے ہفتے ملاقات ہوگی، کیونکہ ایس او پیز طے ہوچکے ہیں، عدالتی حکم کے مطابق 3 کوآرڈینیٹر مقرر ہوئے تھے، انہوں نے 6، 6 نام دینے تھے جو ملنے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی، ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے کس انداز میں یقین دہانی کرائی؟رؤف حسن کا انکشاف
جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر کے درمیان تنازع سامنے آیا ہے، عمران خان فیملی، دوستوں، وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہ لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لے کر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا کے درمیان تنازع ختم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن تشکیل دیں گے، وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گے۔ عدالت نے فیملی اور وکلا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے منگل کے روز ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجا کو بھی بھیجنے کی ہدایت کردی۔