کراچی: ایک اور پولیس اہلکار خاتون کے ساتھ وائرل ویڈیو پر معطل

پیر 11 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں خاتون کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا خمیازہ پولیس افسر کو معطلی کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے۔

کراچی میں کورنگی پولیس کے اے ایس آئی صفدر کی یونیفارم میں خاتون کے ہمراہ بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے پولیس اہلکار کو معطل کرتے ہوئے واقعےکی انکوائری کاحکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ کرنا خاتون پولیس کانسٹیبل کو مہنگا پڑگیا

تاہم پولیس کے مطابق اس واقعہ میں ملوث پولیس یونیفارم میں ملبوس خاتون ٹک ٹاکر کی تلاش جاری ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون سگریٹ نوشی کر رہی ہیں جبکہ اے ایس آئی پولیس وردی میں دوسری کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے اہلکاروں و افسران پر پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود اہلکاروں و افسران کی تھانے کے اندر بنائی ویڈیوز گاہے گاہے وائرل ہوتی رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی پولیس کا ایک اور ٹک ٹاکر اہلکار منظر عام پر، ویڈیو وائرل

اس حالیہ وائرل ویڈیو سے متعلق ایک اعلامیہ میں پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار صفدر کو معطل کرکے ایس ایس پی کورنگی آفس بند کردیا گیا ہے جبکہ چوکی انچارج ہیڈکانسٹیبل کوغیر ذمہ داری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس ستمبر کے اوائل میں ٹک ٹاک پر وائرل ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی کے گزری تھانے میں تعینات کانسٹیبل ماریہ گِل جبکہ کچھ دنوں بعد کورنگی کی عوامی کالونی میں تعینات پولیس اہلکار ظہور عباس کو بھی سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو پوسٹ کرنے پر معطل کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp