ملتان میں شدید دھند کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر اتاری گئی نجی ایئرلائن کی پرواز کے مسافروں نے ایئرپورٹ پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی ہے۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق، ملتان میں دھند کے باعث پرواز کو کراچی اتارا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، مسافروں نے کراچی ائیر پورٹ پر پرواز اتارنے پر احتجاج کیا اور دیگر پروازوں کی بورڈنگ روکنے کی کوشش بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: شدید دھند کے باعث ملک بھر میں 2 پروازیں منسوخ، 36 تاخیر کا شکار
ایئر پورٹ ذرائع نے مزید بتایا کہ مسافروں کو ائیرپورٹ لاؤنج میں سہولیات کی عدم فراہمی اور پرواز کی روانگی کی صورتحال واضح نہ ہونے کی شکایت ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ وہ کل سے کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہیں، ایئرلائن نے دن کے ایک بجے روانگی کا وقت دیا مگر پرواز نہیں اڑی۔
مسافروں کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی پر اے ایس ایف طلب کرلی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث ملتان اور فیصل آباد کی 3 پروازیں متبادل روٹ پر منتقل کی گئیں جبکہ 2 پروازیں منسوخ کی گئیں، اس کے علاوہ ملک بھر میں 36 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان آلودہ ترین شہروں میں پہلے، لاہور دوسرے نمبر پر
پاکستان خصوصاً پنجاب کے علاقوں میں شدید دھند کے باعث ہفتہ اور اتوار کو بھی خلائی آپریشن میں خلل آیا تھا جس سے کئی اندرون ملک اور بیرون ملک 34 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو ایوی ایشن نے بتایا ہے کہ اسموگ اور دیگر آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ملک بھر میں 34 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔