سعودی عرب اور بھارت نے باہمی شراکت داری کونسل کے قیام پر اتفاق کیا ہے، جس کی صدارت سعودی ولی عہد اور بھارتی وزیراعظم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے آج نئی دہلی میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کونسل کی ذیلی کمیٹی برائے سیاسی، سیکیورٹی، ثقافتی اور سماجی امور کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ میں مقیم غیرسعودی باشندوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے نئے اقدام کا آغاز
وزیر خارجہ نے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں قائم ہونے والی اس کونسل نے مختلف شعبوں میں تعاون کے ایک نئے دور کی راہ ہموار کی ہے، انہوں نے کونسل کی کارکردگی اور اہداف کے حصول کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اجلاس میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب اور بھارت کے مشترکہ دلچسپی کے معاملات، خاص طور پر عالمی امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی پر تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا مشترکہ مفادات کے حصول میں معاون ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اعتراض ختم، کیا اب پاکستان کو ’برکس گروپ‘ کی رکنیت مل جائے گی؟
اجلاس میں ان منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو اجلاس کے سرکاری ایجنڈے میں شامل تھے، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، قونصلر، دفاعی، عسکری، عدالتی، سیکیورٹی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مذکورہ ذیلی کمیٹی کے سرکاری اعلامیے پر دستخط کیے۔
اجلاس میں وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداؤد، بھارت میں سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور جدی بن نايف الرقاص اور سیاسی و قونصلر تعاون کے سعودی وفد کے سربراہ ناصر آل غنوم سمیت عدالتی، سیکیورٹی، ثقافتی، سماجی، عسکری اور دفاعی شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔