رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیتنے والے سفیان خان جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان کی کامیابی کے لیے پرعزم

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا رائزنگ اسٹار ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی سفیان خان نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے اور پوری قوم کے لیے ایک اعزاز اور باعث فخر ہے، اس ایوارڈ سے ان کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

جاری جونیئر ایشیا کپ کے تربیتی کیمپ میں ایک تقریب کے دوران سفیان خان نے کیک کاٹا، اس موقع پر ٹیم کے ساتھی اور انتظامیہ نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایوارڈ ملنے پرانہیں مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، جنوبی کوریا کو شکست دیکر پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

اپنے سفر کی عکاسی کرتے ہوئے سفیان خان نے ایوارڈ حاصل کرنے میں ٹیم ورک کے کردار اور اپنے ساتھیوں کے تعاون کو سراہا۔

سفیان خان نے کہا کہ یہ صرف میرا ایوارڈ نہیں ہے، یہ ہم سب کا ہے، ہم اپنی ٹیم کو مزید فتوحات دلانے کے لیے اور بھی زیادہ لگن کے ساتھ پرفارم کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی ہے مسقط میں 26 نومبر سے شروع ہونے والا جونیئر ایشیا کپ جیت پاکستان اپنے نام کرے گا۔

اس موقع پر ٹیم منیجر اجمل خان نے سفیان کو ’پاکستان ہاکی کا چمکتا ہوا ستارہ‘ کے طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ہاکی برادری نے ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے اومان کو بڑے مارجن سے پچھاڑ دیا

 انہوں نے سفیان خان کو دوسرے کھلاڑیوں کے لیے ایک متاثر کن رول ماڈل قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محنت اور توجہ سے پاکستانی کھلاڑی تیزی سے عالمی ہاکی اسٹیج پر اپنی شناخت بناسکتے ہیں۔

ہیڈ کوچ اور اولمپیئن قمر ابراہیم نے بھی سفیان خان کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل مخالف ٹیموں کے لیے خطرہ ہیں۔ قمر ابراہیم نے کہا کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور دیگر حالیہ ایونٹس کے دوران سفیان خان کا کھیل بہت پرجوش تھا، سفیان خان جیسے کھلاڑی قومی کھیل کے لیے امید کی کرن ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp