مائیک ٹائسن بمقابلہ جیک پال: غیر متوقع باکسنگ میچ کیوں کھیلا جا رہا ہے؟

جمعہ 15 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور لیجنڈری باکسر مائیک ٹائسن ایک بار پھر باکسنگ رنگ میں نظر آئیں گے، اور 58سال کی عمر میں ایک 27سالہ مشہور یوٹیوبر جیک پال کا مقابلہ کریں گے۔ یہ غیر متوقع میچ مشہور شخصیات کو انٹرنیٹ اسٹریمنگ پر لانے اور ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کے رجحان میں سے ایک ہے۔

58سالہ سابق ہیوی ویٹ چیمپیئن مائیک ٹائسن جو حال ہی میں پیٹ کے السر سے صحت یاب ہوئے ہیں، جمعے کو ٹیکساس کے آرلنگٹن کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں باکسنگ میچ میں 27سالہ یوٹیوبر اینڈ باکسر جیک پال سے مقابلہ کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق باکسنگ کمیونٹی نے 40ملین ڈالر کے مقابلے والے اس میچ کی مذمت کی ہے، جسے ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف لائسنسنگ اینڈ ریگولیشن نے منظور کیا ہے۔ باکسنگ کمیونٹی نے اس مقابلے کو مشہور شخصیات کو انٹرنیٹ کے لیے استعمال کرنا اور اس کھیل کے فن کی قدر کو کم کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں: 58 سالہ مائیک ٹائیسن ایک بار پھر رنگ میں اترنے کو تیار، مقابلہ کب اور کس سے ہے؟

باکسنگ کمیونٹی کا اس حوالے سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے کہ ایسا وقت بھی آچکا ہے کہ اب ایک سابق پروفیشنل باکسر صحت یاب ہوکر باکسنگ رنگ میں اپنے سے 31 سال چھوٹے آدمی سے مقابلہ کرے گا اور ممکنہ طور پر دنیا بھر میں لاکھوں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرے گا؟

مشہور شخصیات کا باکسنگ کا جنون کب شروع ہوا؟

مشہور شخصیت کے باکسنگ میچ کا تصور کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، لیکن یہ چیریٹی ایونٹس اور قلیل المدت ٹی وی شوز تک محدود تھا۔ ان میچوں کا معیار اور شدت 2002 میں برطانیہ کے مزاحیہ اداکاروں رکی گیروائس اور باب مورٹیمر کے درمیان غیر متوقع طور پر زبردست میچ اپ میں دیکھنے کو ملا۔

اس کے بعد 2015 میں امریکی سینیٹر مِٹ رومنی اور 5 بار کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن ایونڈر ہولی فیلڈ کے درمیان ایک علامتی مقابلے میں دیکھا گیا تھا۔

2017 میں، اس وقت کے یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپیئن کونر میگریگر نے باکسنگ چیمپیئن فلائیڈ مے ویدر جونیئر سے ایک کراس اوور فائٹ میچ کھیلا جس کا ٹائٹل ’دی منی فائیٹ‘ تھا۔

مے ویدر کو 100 ملین ڈالر اور میک گریگر کو 30 ملین ڈالر کی ضمانت دی گئی۔ لیکن اس کے بعد فائٹرز کے کیمپوں سے موصول ہونے والی رپورٹس بتاتی ہیں کہ ادائیگیاں توقع سے کہیں زیادہ تھیں۔

مثال کے طور پر غیر متنازعہ ہیوی ویٹ چیمپییئن اولیکسینڈر یوسیک نے مئی میں سعودی عرب میں برطانوی باکسر ٹائسن فیوری کے خلاف اپنی آخری فائٹ سے تقریباً 45 ملین ڈالر جیب میں ڈالے۔

اسی طرح 2023 میں مشہور ارب پتی ایلون مسک اور میٹا کے مالک مارک زکربرگ کے درمیان بھی گرما گرمی دیکھی گئی، دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باکسنگ میچ کا چیلنج دیا، جس کو بڑی پذیرائی ملی لیکن بعد ازاں وہ میچ کبھی نہیں کھیلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مائیک ٹائسن اپنی ’کن کٹی‘ پروڈکٹ کی مقبولیت کے لیے پُرامید

سابق باکسر میک کینزی نے کہا کہ مائیک ٹائسن پیسہ کمانے کے بہت سے دوسرے طریقے تلاش کرسکتے تھے، بشمول مصنوعات کی توثیق و تشہیر کے لیے اپنی شہرت کا استعمال کیا جا سکتا تھا۔

دوسری جانب حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ٹائسن کا مقابلہ کرنے والے جیک پال کا کہنا تھا کہ وہ اس مقابلے سے 40ملین ڈالرز کمانے اور ایک لیجنڈری باکسر کو ناک آؤٹ کرنے آئے ہیں۔

واضح رہے یہ میچ آج خصوصی طور پر اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس کے ذریعے نشر کیا جائے گا، یہ ایک ایسا اقدام ہے جس نے بلاک بسٹر پروفیشنل باکسنگ میچز کے دائرے میں آنے والی رقوم اور ادائیگیوں میں اضافہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp