پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 5واں دور صوفیہ میں ہوا

منگل 11 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور آج 11 اپریل 2023 کو صوفیہ میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) محمد سلیم نے کی جبکہ بلغاریہ کے وفد کی سربراہی ڈائریکٹر پیٹر کریچیف کر رہے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا۔ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، زراعت، آئی سی ٹی اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعلقات کو مستحکم کرنے کے باہمی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

فریقین نے پاکستان بلغاریہ بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد بلانے کی اہمیت اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان فعال روابط پر اتفاق کیا۔ بلغاریہ میں مزدوروں کی موجودہ کمی کو پورا کرنے کے لیے پاکستانی افرادی قوت کو بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے بلغاریہ کا یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے فعال روابط بالخصوص جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تناظر میں معاون کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ امن و سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک بلغاریہ وفود نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز بالخصوص اقوام متحدہ میں قریبی تعاون کو برقرار رکھنے میں اپنی گہری دلچسپی پر بھی زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp