وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کابینہ اس وقت 18 ارکان پر مشتمل ہے، جس میں 12 نئے چہرے ہیں جبکہ 6 ایسے وزرا ہیں جو سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کابینہ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس وقت 7 سے 8 سینیئر اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنا الگ گروپ بنالیا ہے۔ الگ ہونے والے یہ تمام ایم پی ایز شہباز شریف کی کابینہ میں کام کرچکے ہیں۔ ان میں سابق اسپیکر رانا اقبال، یاور زمان، شیر علی خان، ایوب گادھی، منشااللہ بٹ، سعید اکبر نوانی اور دیگر ایم پی ایز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ چھوڑنے سے متعلق خواجہ سعد رفیق کا اہم بیان سامنے آگیا
ن لیگ کے الگ ہونے والے اس گروپ کی قیادت سابق اسپیکر رانا اقبال کررہے ہیں۔ گروپ میں شامل تمام ارکان مریم نواز کی طرف سے وزرات نہ دیے جانے اور حلقے میں کام نہ ہونے کی وجہ سے ناراض ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ گروپ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھی حکومتی اراکین سے علیحدہ بیٹھتے ہیں۔ مزاید برآں، اس گروپ میں کوئی نوجوان ایم پی اے شامل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے چالاک سیاستدان
ذرائع نے بتایا کہ اس گروپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو اپنے تحفظات پیش کیے ہیں کہ صوبائی حکومت کو بنے 9 ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حلقے میں کام نہ ہونے کی وجہ سے ن لیگ کے سینیئر اراکین صوبائی اسمبلی کافی پریشان ہیں۔