لاہور ہائیکورٹ : این اے 118 اور 108 کے ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

بدھ 12 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور اعجاز احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، پنجاب میں 2 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، یہ انتخابات 120 روز بعد ہو رہے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تمام ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا ہے، بار بار الیکشن ہونے سے قومی خزانے کا ضیاع ہو رہا ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے 2رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات کی منسوخی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات کے لئے 120 دن سے کم کا عرصہ رہ گیا ہے اور 120 دن سے کم کا عرصہ ہو تو ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے،اس صورت میں ضمنی انتخاب کروانا قانون کے منافی ہے اور ایسے انتخاب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 108اور 118 میں ضمنی انتخاب کو منسوخ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp