پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دے دی، اور خصوصی اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، جس کی بنیاد پر وفاقی دارالحکومت میں ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی احتجاج کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کررہی ہے؟
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔
حکم نامے کے مطابق وزارت داخلہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت پنجاب رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں امن و عامہ برقرار رکھنے کے لیے رینجرز اور ایف سی کی جانب سے پولیس کی معاونت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے، علی امین گنڈاپور نے بڑی شرط رکھ دی
اس سے قبل انہوں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر جمعرات تک مذاکرات پر کوئی مثبت پیشرفت ہوتی ہے تو پھر ہم فیصلے پر نظر ثانی کرسکتے ہیں، تاہم مذاکرات انہی سے ہوں گے جن کے پاس طاقت ہے۔