پاکستان انڈر 19 ٹیم شاندار فتح کے ساتھ سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل میں پہنچ گئی

جمعہ 22 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرحان یوسف، ہارون ارشد، شاہ زیب خان اور عثمان خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے یو اے ای انڈر 19 کو 191 رنز سے شکست دے کر انڈر 19 سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ: سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دے دیا

پاکستان نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے  جس میں شاہ زیب خان کے 71، فرحان یوسف 63، ہارون ارشد 54، عثمان خان 50، فہیم الحق کے 37 رنز کی اننگز شامل ہے۔

فائنل میں پاکستان کا مقابلہ افغانستان کی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہو گا، جو منگل 26 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا، میچ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں ٹورنامنٹ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف پاکستان کی لگاتار دوسری فتح تھی، افتتاحی میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ سعد بیگ کی قیادت والی ٹیم نے اپنے پچھلے میچ میں افغانستان کو بھی 13 رنز سے شکست دی تھی لیکن ٹورنامنٹ کے آغاز میں افغانستان سے شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں:انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کی بنگلادیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے جو سیریز میں ان کا بہترین اسکور ہے۔ شاہ زیب خان اور عثمان خان کی بائیں ہاتھ کی اوپننگ جوڑی نے اپنی عمدہ فارم جاری رکھتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 96 رنز کی شراکت قائم کی۔

عثمان خان نے 7 چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے جبکہ شاہ زیب نے 2 چھکوں، 5 چوکوں کی مدد سے 84 گیندوں پر شاندار 71 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کے فرحان یوسف نے 50 گیندوں پر شاندار تیز ترین 63 رنز اسکور کیے جبکہ ہارون ارشد نے 34 گیندوں پر2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔ پاکستان کے فہیم الحق نے 48 گیندوں پر 37 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے نوراللہ ایوبی اور ادیش سوری نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ: اسرائیل کی حمایت پر انڈر 19 ٹیم کے ڈیوڈ ٹیگر کپتانی سے فارغ

اس کے جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 16 اوورز میں 52 رنز پر اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس موقع پر ایان مصباح نے 17 اور سوری نے ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے ۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم 37 ویں اوور میں 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نوید احمد خان نے 3 جبکہ عمر اکمل نے 51 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

سہ فریقی سیریز کا آخری گروپ میچ اتوار 24 نومبر کو افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp