بیلا روس کا 75 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، صدر کل آئیں گے

اتوار 24 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بیلا روس کا 75 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کل پاکستان پہنچیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت اوروزیر عدل و انصاف سمیت وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری بھی شامل ہیں۔

وفد سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت پاکستان اور عوام بیلاروس کے صدر کی کل آمد کے منتظر ہیں۔ صدر بیلا روس کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہمیت کا حامل ہے۔

مزید پڑھیں: جمہوریہ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کیساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان بیلاروس کیساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دورے سے صنعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کل سے 27 نومبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، دورہ پاکستان کے موقع پر بیلاس روس کے صدر کی وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی ملاقات ہوگی، دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

بیلا روس کے صدر کے دورہ پاکستان سے قبل ہی آج بروز اتوار بیلا روس کا 75 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، ابتدائی وفد میں بیلاروس کے وزرا اور بزنس مین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بیلا روس کا کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

رجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلا روس کا وزارتی وفد وزیر خارجہ میکسم رائیزن کوف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچا ہے۔ ائرپورٹ پر ان کا استقبال وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈیشنل فارن سیکرٹری (یورپ) شفقت علی خان اور بیلا روس میں پاکستان کے سفیر سجاد حیدر خان نے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp