وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں تحریک انصاف کا قافلہ اس وقت کٹی پہاڑی پر موجود ہے، جہاں ان کو پولیس کی جانب سے شیلنگ کی صورت میں مزاحمت کا سامنا ہے۔ تاہم، پی ٹی آئی مظاہرین ڈی چوک پہنچنے کے لیے رکاوٹوں کو عبور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈٓا پور کے قافلے کو اس وقت ہزارہ موٹروے انٹرچینج اور کٹی پہاڑی پر پولیس کی مزاحمت کا سامنا ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور ان کے قافلے کو شدید شیلنگ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ابھی غازی بروتھہ سے کٹی پہاڑی تک راستے کو کلیئر کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹیکسلا: عمران خان، بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کیخلاف مقدمہ درج
تحریک انصاف کے ساتھ موجود قافلے میں سے کئی کارکنان رات کو ہی واپس چلے گئے تھے، لیکن ابھی دوبارہ پرامن طریقے سے ریلیوں کی صورت میں قافلے کے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔ علی امین اور بشریٰ بی بی کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی بھی قافلے کے ہمراہ موجود ہیں۔
کٹی پہاڑی پل پر پولیس نے مکمل کنٹرول حاصل کررکھا ہے، پولیس کمانڈوز اور الیٹ فورسز بھی موجود ہیں اور بہت زیادہ شیلنگ کی جارہی ہے۔ کارکنان کی جانب سے شیلنگ سے بچنے کے لیے جھاڑیوں کو جلایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جانی نقصان کے ذمہ دار اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے خود ہوں گے، وزیر داخلہ
واضح رہے اس بار قافلے کے ہمراہ مشینری نہیں لائی گئی، اپنی مدد آپ کے تحت کارکنان شیلنگ سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔