وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے مضافات میں جلسے کی تجویز پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم بشریٰ بی بی نے کہاکہ وہ ہر صورت ڈی چوک ہی جائیں گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے جب ہمیں تجویز دی کہ اسلام آباد کے مضافات میں کہیں جلسہ کرلیں، اس پر ہم نے عمران خان سے مشاورت کی تو انہوں نے آمادگی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا مارچ ڈی چوک پہنچتے ہی بیرسٹر گوہر کا عمران خان کی رہائی سے متعلق بڑا اعلان
بیرسٹر سیف کے مطابق مضافات میں جلسے کی تجویز پر بشریٰ بی بی نے کہاکہ وہ ہر صورت ڈی چوک ہی جائیں گی، جس کی وجہ سے انتظامیہ کی اس تجویز کو رد کردیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے مسئلہ خوشگوار انداز میں حل نہیں ہوسکتا، گزشتہ رات ہونے والے مذاکرات میں کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت عمران خان کے مقدمات پر اثر انداز ہورہی ہے، جس قانونی عمل کے ذریعے ان کی رہائی ہونی ہے وہ بٹن حکومت کے پاس ہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں بشریٰ بی بی سارے فساد کی جڑ، پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت کا اعلان
بیرسٹر سیف نے کہاکہ ہماری قیادت کے خلاف قانون کو غیرقانونی طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا۔