پی ٹی آئی مظاہرین پر تشدد، انفارمیشن گروپ کے سرکاری افسر نے استعفیٰ دے دیا

بدھ 27 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج اور پرتشدد واقعات کے بعد انفارمیشن گروپ کے سول سرونٹ ملازم نے استعفیٰ دے دیا۔ سرکاری افسر سلمان شاہ راشدی نے استعفے کی وجہ سرکار کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان پر تشدد اور اختیارات کا بے دریغ استعمال قرار دیا۔

سلمان شاہ راشدی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اپنا استعفیٰ پوسٹ کیا جس میں لکھا تھا کہ وہ ملک میں جاری تشویشناک صورتحال سے مکمل مایوسی کے بعد سول سروس آف پاکستان سے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج، پمز اسپتال اور پولی کلینک میں کتنی لاشیں اور زخمی پہنچے؟

انہوں نے لکھا کہ وہ کل رات ریاستی جارحیت کے درمیان غیر مسلح مظاہرین کو اپنی جانوں کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھ کر بے حد پریشان ہیں۔ اب یہ ضمیر کی بات بن چکی ہے کہ اس نظام کا حصہ نہیں بنیں گے جو اپنے ہی لوگوں پر بلاوجہ جارحیت کرتا ہے۔ اور اشرافیہ کے مفادات کی تکمیل کے لیے کام کرتا ہے۔

سلمان راشدی نے لکھا کہ ان کے پاس 2 آپشنز ہیں ایک یہ کہ اس نظام کا حصہ بن کر خاموشی اختیار کرلیں یا پھر اس حکومت اور اس کے نظام سے علیحدگی اختیار کرلیں۔ تاہم، اپنے ہی لوگوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے تاریخ کے دائیں جانب کھڑے ہونے کے لیے دوسرا آپشن اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے میڈیا کو بھی اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس میڈیا کی مذمت کرتا ہوں جو شہریوں کی حالت زار پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے اور اس کے برعکس ریاستی جارحیت میں معاون کے طور پر کام کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری افسر کو سیاسی بیان مہنگا پڑگیا، 120 روز کے لیے معطل

خیال رہے اس سے قبل بھی سلمان شاہ راشدی کو الیکشن کمیشن پاکستان نے سیاسی امیدواروں کے حق میں مہم چلانے پر معطل کردیا تھا۔ انفارمیشن گروپ کے 18ویں گریڈ کے افسر پیر سلیمان شاہ راشدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں ووٹ دینے کی ویڈیو بنا کروائرل کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے پیر سلیمان شاہ راشدی کو عوام کو مخصوص پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کی ترغیب دینے پر فی الوقت 120 روز کے لیے معطل کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp