پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز نیا ریکارڈ قائم ہونے کے بعد آج بھی مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے اور 100 انڈیکس مسلسل نئی منازل طے کررہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی اب تک کے کاروبار کے دوران 294 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 377 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اب تک کے کاروبار کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 653 پوائنٹس بھی عبور کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی کا ملک کی معیشت سے کتنا تعلق ہے؟
گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 82 پوائنٹس کی تاریخی حد پر بند ہوا تھا۔ گزشتہ روز کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 1031 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 332 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک برس سے تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ اس ایک سال کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کم و بیش 37 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو کہ ایک برس میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرگیا
پاکستان کے وجود میں آنے کے بعد سے لیکر سال 2022 تک پاکستان اسٹاک مارکیٹ کم و بیش 40 ہزار پوائنٹس پر موجود تھی اور اب رواں برس (2024) کے نومبر میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرگئی ہے۔
اس کامیابی کا مطلب ہے کہ صرف 2 سال میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 60 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ان 2 برسوں میں حکومت کو بہت سے سخت فیصلے کرنے پڑے۔ ماہرین انہی حکومتی فیصلوں اور آئی ایم ایف پروگرام کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ کارکردگی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔