افغان سرحد پر وہ اقدامات نہیں کیے گئے جو کرنے چاہییں تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 3 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغان سرحد پر وہ اقدامات نہیں کیے گئے جو کرنا چاہییں تھے۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارے صوبے کے حالات غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے، عوام اور سیکیورٹی فورسز نے ملک کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے چانسلر کے اختیارات چھین لیے

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت، معاشرہ اور قوم نجی شعبہ اور عوام کے تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، حکومت کے جن کاموں میں کمی رہ جاتی ہے، وہاں عوام اور نجی شعبہ اپنے وسائل اور مہارت کے ذریعے حکومت کی معاونت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور سیاستدان اور وزیراعلیٰ ایسے افراد کی حمایت اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے عوام خصوصاً سمندر پار پاکستانیوں سے پاکستان میں تعلیمی شعبہ سرمایہ کاری کرنے کی اپیل بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: صوبے میں سی ٹی ڈی فعال، وزیراعظم کو ملنے والی معلومات درست نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کو نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہی نوجوان اپنے والدین، صوبے اور ملک کا اثاثہ اور مستقبل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ فارغ التحصیل نوجوان بریک نہ لگائیں بلکہ عملی میدان میں بھی محنت جاری رکھیں، نوجوان والدین اور اساتذہ کی عزت کریں تو کامیابی ملتی رہے گی، سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رکھیں اور مقابلہ کا جذبہ پیدا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھاؤ، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا وفاقی حکومت کو چیلنج

انہوں نے طلبا سے کہا کہ ہار نہ مانیں، ایک ناکامی یا ہار ایمان کی کمزوری ہے، گورنمنٹ کالج لاہور سے مجھے جھگڑے پر نکالا گیا مگر ہمت نہ ہاری، مجھے تعلیمی اداروں نے کہا ہماری جان چھوڑو تو میں نے عوام کی خدمت کی اور ووٹ لیے، جب آپ لوگوں کی خدمت کریں گے تو آپ کامیاب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا مجھ پر 256 ایف آئی آرز درج ہیں ، ڈگریاں مجھے ایف آئی آرز کی صورت میں ملی، مقابلہ کرنا سیکھیں گے تو ہی آگے بڑھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp