اداکار وکرانت میسی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے مداحوں کو چونکا دیا۔ فلم ’12ویں فیل‘ سے شہرت اور کامیابیوں کو چھونے والے بالی وڈ اداکار وکرانت میسی نے حال ہی میں اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں فلموں سے اچانک علیحدگی کا اعلان کیا تھا جس پر فلمی ہستیوں کے ساتھ ساتھ ان کے مداحوں نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔
اداکار نے اپنے اس اچانک لیے گئے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جیسے جیسے میں آگے بڑھتا گیا مجھے احساس ہوا کہ اب اپنی سمت طے کرنے کا وقت آگیا ہے، اور اب میں بطور ایک شوہر، ایک باپ، ایک بیٹے اور ایک اداکار کے واپس گھر کو لوٹ جاؤں۔ لہٰذا 2025 میں آپ اور میں آخری بار پردہ سکرین پر ملیں گے جب تک کہ درست وقت نہ آ جائے۔
View this post on Instagram
لیکن اب ان کے ساتھ کام کرنے والے ایک ہدایت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وکرانت کی ریٹائرمنٹ کی ممکنہ وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وکرانت خود کو زیادہ کام کے بوجھ تکے دبانا نہیں چاہتے، انہیں اس وقت بہت سی فلموں کی آفر ہے لیکن انہیں یہ خوف ہے کہ وہ جتنی فلموں میں کام کریں گے اتنی جلدی ناظرین ان سے اکتا جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ وکرانت اکثر اس پریشانی کا اظہار اپنی گفتگو میں بھی کرتے ہیں اس لیے یہ ایک جرات مندانہ فیصلہ ہے کہ آپ کچھ وقت اپنے آپ کو دیں اور کام سے آرام کریں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکار وکرانت میسی نے اداکاری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیوں کیا؟
ایک اور ذرائع کے مطابق وکرانت کا فلم انڈسٹری سے بریک لینے کا فیصلہ ممکنہ طور پر خود کو نئے سرے سے تخلیق کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہو سکتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ وکرانت میسی فلم ’ڈان تھری‘ میں منفی کردار ادا کرنے جا رہے ہیں اس لیے انہیں حیرانی نہیں ہوگی کہ وکرانت فلم انڈسٹری سے وقفہ لینے کے بعد ایک نئے روپ میں سامنے آئیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ وکرانت میسی کبھی بھی سطحی کام نہیں کرتے اس لیے یہ وقفہ ان کی نئی آنے والی فلم ’ڈان 3‘ سے متعلق بھی ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نامور اداکار وکرانت میسی ہدایت کار فرحان اختر کی فلم ’ڈان 3‘ میں رنویر سنگھ کے مدمقابل ولن کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تاہم وکرانت میسی یا فرحان اختر نے اس بات کی اب تک تصدیق نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ فلم 12ویں فیل ‘ کے ہیرو وکرانت میسی کے بھائی مسلمان ہیں، انکشاف
یاد رہے کہ فرحان اختر نے اس سال کے شروع میں ’ڈان 3‘ بنانے کا باضابطہ اعلان کیا تھا جس میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویرسنگھ کو مرکزی کردار دیا گیا ہے۔ فلمساز نے اس کی وجہ یہ بیان کی تھی انہوں نے رنویر سنگھ کو اپنے ویژن کے تحت کاسٹ کیا تاکہ نئے اور نوجوان اداکار سامنے آ سکیں۔