’ہم آپ کے لیے آرہے ہیں‘، بہن کی گرفتاری کے بعد نرگس فخری کی پوسٹ وائرل

بدھ 4 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری نے قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والی اپنی بہن کی گرفتاری کے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس کے بارے میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ نرگس فخری کی تنازع سے بچنے کی ایک کوشش ہے۔

اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری پر نرگس فخری نے اپنی آنے والی فلم ہاؤس فل 5 کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ساتھی اداکاروں جیکولین فرنینڈس اور سونم باجوہ کے ساتھ نظر آرہی ہیں، تینوں اداکاروں کوخوشگوار موڈ میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’ہم آپ کے لیے آ رہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو نیو یارک کے شہر کوئنز میں قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ عالیہ فخری کو سابق بوائے فرینڈ ایڈورڈز جیکبز اور ان کی دوست ایناستاسیا ایڈین کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ جبکہ اداکارہ نرگس فخری نے اس حوالے سے کوئی خاص بیان جاری نہیں کیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ 20 سال سے اپنی بہن کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں۔ انہیں بھی دوسروں کی طرح میڈیا سے ہی اس واقعے کے بارے میں پتہ چلا۔

یہ بھی پڑھیں: ’آج تم سب مرجاؤ گے‘، اداکارہ نرگس فخری کی بہن قتل کے الزام میں گرفتار

خیال رہے کہ عالیہ فخری اداکارہ نرگس فخری کی بڑی بہن ہیں، ان کے والد پاکستانی نژاد امریکی تھے جب کہ ان کی والدہ یورپی ملک سے تعلق رکھتی تھیں۔ نرگس فخری اور ان کی بہن کی پیدائش اور پرورش امریکا میں ہی ہوئی تھی، ان کے پاس وہاں کی شہریت ہے۔ نرگس فخری نے 2014 سے قبل کیریئر کے لیے بھارت کا رخ کیا اور انہوں نے متعدد بالی ووڈ فلموں میں بولڈ کردار ادا کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ نرگس فخری کی زندگی ایک ای میل نے کیسے تبدیل کردی؟

دریں اثنا، نرگس ہاؤس فل 5 میں باصلاحیت کاسٹ کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونے والی ہیں۔ اس فلم میں اکشے کمار، ابھیشیک بچن، سنجے دت، نانا پاٹیکر، چنکی پانڈے، ڈینو موریا، جانی لیور، جیکی شروف، رتیش دیش مکھ، فردین خان، اور چترانگدا سنگھ اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہ فلم 6 جون 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp