چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بورڈ میٹنگ آج دبئی میں ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جے شاہ نے آئی سی سی کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا
میٹنگ سے قبل، جے شاہ کو آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جائے گا۔ آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پر بھی گفتگو کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے براڈ کاسٹرز اور پروڈکشن ورکشاپ بھی آج دبئی میں منعقد ہوگی۔ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلے کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی، بھارتی بورڈ پاکستان کے پیش کردہ فارمولے کو قبول کرنے میں تذبذب کا شکار کیوں؟
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے نیا ’پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولا‘ کی تجویز پیش کرچکے ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کی پیشکش ماننے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے، پاکستان نے بھارت کو دونوں ممالک کی مرد اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے مابین آئی سی سی ایونٹس کے میچز نیوٹرل مقام پر منعقد کرانے کی تجویزدی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی 2025: آئی سی سی اجلاس دوبارہ کیوں ملتوی ہوا؟
بی سی سی آئی کے مطابق انڈیا میں سیکیورٹی مسائل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز نہیں مانی جاسکتی، بھارتی میڈیا کے مطابق ہائبرڈ ماڈل نہ ماننے کی صورت میں آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے شفٹ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے بھارت سے تحریری ضمانت مانگی ہے، تحریری ضمانت نہ ملنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپیئنز ٹرافی کا فیصلہ کرے گی۔