بگ بیش لیگ : گرین شرٹس کے فینز ’پاکستان بے‘ میں بیٹھ سکیں گے

ہفتہ 7 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میلبورن اسٹارز نے بگ بیش لیگ میں ایک بار پھر سے پاکستان اسٹینڈ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ 14 دسمبر سے شروع ہونے والی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے پہلے 4 ہوم میچز میں فینز پاکستان بے میں بیٹھ سکیں گے۔

پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں خصوصی اسٹینڈ ہو گا۔ پاکستان کے اسپنر اسامہ میر اس ایڈیشن میں میلبورن اسٹارز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں، اس سے قبل حارث رؤف میلبورن اسٹارز کا حصہ تھے۔

مزید پڑھیں : بگ بیش لیگ : منتخب ہونے والا واحد پاکستانی کھلاڑی کون ہے؟

میلبورن اسٹارز کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستانی کھلاڑیوں کے فینز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور ان کی کھیل میں دلچسپی بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی فینز کو اپنی سپورٹ کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ سے پُرعزم رہے ہیں۔

میلبورن اسٹارز کے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل، مارکس اسٹونس اور انگلینڈ کے بین ڈکٹ شامل ہیں۔ میلبورن اسٹارز کے پہلے 4 ہوم میچز 18 دسمبر، 4، 9 اور 19 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: بگ بیش لیگ کے لیے پاکستان کے کتنے مرد و خواتین کرکٹرز کی نامزدگیاں ہوئیں؟

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ و ویمن بگ بیش لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ڈرافٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے پر مجموعی طور پر 49 غیر ملکی کھلاڑی منتخب ہوئے تھے۔ پاکستان کے مجموعی طور پر 80 کرکٹرز کی نامزدگیاں ہوئی تھیں۔ تاہم ویمن بگ بیش لیگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی منتخب نہیں ہوئی، دوسری طرف بگ بیش لیگ میں صرف ایک پاکستانی کھلاڑی اسامہ میر کو منتخب کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp