جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل پر اٹھائے گئے اعتراضات پر غور تو درکنار انہیں چمٹے سے پکڑنے کے قابل بھی نہیں سمجھتا۔
نوشہرہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے ہماری بات نہ مانی تو کل اسرائیل مردہ باد ریلی میں ان کا بھی مردہ باد کردیں گے۔
یہ بھی پڑھیں مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط نہ ہوسکے، بل اعتراض کے ساتھ واپس ہوگیا
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ہمارا حکومت کے ساتھ اتفاق ہوچکا تھا، طے ہوا تھا کہ مدارس جس وفاق میں چاہیں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں، لیکن اب وعدے پر عمل نہیں کیا جارہا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہمارے آصف علی زرداری کے ساتھ تمام معاملات طے ہوچکے تھے، لیکن اب صدارتی ہاؤس سے اعتراضات سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں قدیم اور جدید تعلیم کی اصطلاح کے ہی خلاف ہوں، ہم کہتے ہیں مدارس کے اکاؤنٹ کھولو، لیکن یہ بند کرتے ہیں، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ ہمارے لیے ہمدردی کے الفاظ استعمال نہ کرے۔
انہوں نے کہاکہ میڈیا پر زور ہے اور زبردستی اصلاحات گھڑے جا رہے ہیں اور ہم پر مسلط کیے جا رہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قوانین نافذالعمل بھی ہوگئے لیکن مدارس رجسٹریشن بل کو روک دیا گیا، ہمارا پیپلزپارٹی اور وزیراعظم سے اب بھی رابطہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے دینی مدارس کو انتہا پسندی اور شدت پسندی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، اگر مدارس کو دباؤ میں رکھا جاتا ہے تو پھر ہم بتائیں گے کہ کس کا دباؤ چلتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان نے مدرسہ رجسٹریشن بل منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دیدی
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم اب بھی بات چیت سے انکار نہیں کرتے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم تھک جائیں گے تو اس کی بھول ہے، ہم تو جدوجہد کے قائل ہیں۔