وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چند دنوں میں شام کے حالات یکسرتبدیل ہوگئے ہیں، شام کی صورتحال پر ہم غیرجانبدار رہے ہیں۔ شام میں موجود پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فوری اقدامات ناگزیرتھے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ شام سے پاکستانیوں کی لبنان کے زمینی راستے سے واپسی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار شام اور لبنان میں پاکستانی سفیروں سے رابطے میں ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شام سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے کل شام کو لبنان کے وزیرِ اعظم سے بھی بات کی۔ شام سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے وزارت خارجہ اور سفارتخانہ رابطے میں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے شام میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے لبنانی ہم منصب سے مدد مانگ لی
وزیرِ اعظم نے کہا کہ لبنان کے وزیرِ اعظم نے کل دوبارہ کہا کہ وہ امدادی سامان بھیجنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، لبنان میں سفیر کو ہدایات دی گئیں اور انہوں نے کنفرم کیا کہ لبنانی وزیرِ اعظم سے بات ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 250 پاکستانی زائرین شام گئے ہوئے تھے جبکہ 300 کے قریب شہری ،اساتذہ اور طلبہ وہاں پہلے سے موجود ہیں جو پاکستان آنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ شام میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے گزشتہ روز لبنان کے وزیراعظم سے بات ہوئی تھی، انہوں نے لبنان کے زمینی راستے سے پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، دفتر خارجہ
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اہم ہے، آذربائیجان کی پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہے، بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں سیاسی استحکام ضروری ہے۔