پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ابتدائی رابطہ، کس بات پر اتفاق ہوا؟

جمعہ 13 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے درمیان رواں ہفتے ابتدائی رابطہ ہوا ہے جس میں مذاکرات سے قبل سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ سے ابتدائی رابطہ ہوا۔

فریقین کے مابین سیاسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مذاکرات پر اتفاق رائے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور محسن نقوی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثنا اللّٰہ کا تحریکِ انصاف سے مذاکرات پر بڑا اعلان

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی رہنماؤں نے مذاکرات سے قبل سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے اور مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فلور استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے جس پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اتفاق رائے کے بعد پارلیمنٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے جبکہ دوسری جانب سے وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی ڈی چوک میں ہونے والی مبینہ ہلاکتوں پر حکومتی مؤقف سے ہٹ کر بیان دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی رہنماؤں نے پارٹی قیادت سے مذاکرات کے حوالے سے مشاورت کا وقت مانگا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بھی اپنی 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیے: ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا، اسد قیصر

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے ارکان جلد اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کریں گے اور مذاکرات کے حوالے سے ہدایات لی جائیں گی۔

دوسری جانب حکومتی ارکان سابق وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت کریں گے جس کے بعد مقتدرہ سے بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے لیے حکومت نے شرائط رکھ دیں

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا یہ ابتدائی مرحلہ ہے تاہم کوئی بریک تھرو ہونے کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp