پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان 21 دسمبر کو ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں ’ایکوز آف ریوولوشن‘ کے عنوان سے ایک امدادی میوزک کنسرٹ میں مفت پرفارم کریں گے۔
ڈھاکہ یونیورسٹی کے احاطے میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے منتظمین نے بتایا کہ کنسرٹ کا مقصد جولائی شہید سمرتی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔ یہ فاؤنڈیشن جولائی کے انقلاب کے دوران شہید ہونے والوں کے خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے محل کو میوزیم میں بدلنے کا اعلان
یونیورسٹی کے طلبا کا پلیٹ فارم’اسپرٹس آف جولائی‘ یہ کنسرٹ جولائی سمرتی فاؤنڈیشن اور پرائم بینک کے تعاون سے 21 دسمبر کو منعقد کررہا ہے جس میں آرٹ سیل، چرکٹ، ایشیز، آفٹرماتھ اور ریپ آرٹسٹ سیزان اور حنان بھی شامل ہوں گے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
منتظمین نے بتایا کہ کنسرٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی شہید جولائی سمرتی فاؤنڈیشن کو دی جائے گی جو شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں کی مدد کے لیے وقف ہے۔
اسپرٹس آف جولائی اور شہید جولائی سمرتی فاؤنڈیشن نے 12 نومبر کو مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان کے ساتھ 28 نومبر کو معاہدہ ہوا تھا۔ ڈھاکہ یونیورسٹی کے طالب علم محمد عبیر حسنات نے کہا کہ یہ راحت فتح علی کی عظمت ہے کہ وہ مفت پرفارم کریں گے۔
مزید پڑھیے: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں خوشگوار تبدیلی
شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ڈھاکہ یونیورسٹی کے فیکلٹی اور اہم شخصیات پر مشتمل ایک مشاورتی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو تقریب کے مالی معاملات کی نگرانی کرے گا۔ پریس کانفرنس میں مشاورتی بورڈ کے کئی ارکان بھی موجود تھے۔
ماضی میں بنگلہ دیش میں کنسرٹ کے انتظام کے حوالے سے کئی شکایات سامنے آئی ہیں۔ نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی کی ایک طالبہ سلینا جہاں نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ یہ اچھی طرح سے ترتیب سے سامنے آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہم ٹکٹوں کے لیے بہت زیادہ قیمت ادا کرتے ہیں لیکن بدلے میں بہترین تجربہ حاصل نہیں کرتے تاہم مجھے امید ہے کہ منتظمین راحت فتح علی کے کنسرٹ کے ساتھ انصاف کریں گے۔
دریں اثنا کنسرٹ کے ایک منتظم اور ڈھاکہ یونیورسٹی کے طالب علم صحافی محی الدین ماہی نے کہا کہ ہم نے سامعین کے تاثرات کی بنیاد پر تمام تقاضوں کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیا سال دروازے پر دستک دے رہا ہے جس کے بعد فتح کا دن ہے اس لیے ہم اپنے سامعین اور موسیقاروں کو مایوس نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: برادر اسلامی ملک بنگلہ دیش کے ساتھ روابط جاری رہیں گے، ترجمان دفتر خارجہ
کنسرٹ کے علاوہ، تقریب میں جولائی انقلاب کی عکاسی کرنے والی گرافٹی نمائش اور مگدھا واٹر زون کی تنصیب شامل ہوگی۔ کنسرٹ کے ٹکٹ دسمبر کے اوائل میں فروخت کیے جائیں گے جبکہ ٹکٹ کی قیمتوں کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔ منتظمین کے مطابق ٹکٹوں کی 3 اقسام دستیاب ہوں گی۔