پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کا آخری میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد جنوبی افریقہ نے سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔
ہفتہ کے روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ جنوبی افریقہ کے دارلحکومت جوہانسبرگ میں کھیلا جانا تھا تاہم شدید بارش اور طوفان بادوباراں کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس تک بھی نہ ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی20 سیریز جیت لی
مقررہ وقت اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے بعد ایمپائرز نے پاکستان کے کپتان محمد رضوان اور جنوبی افریقہ کے کپتان ریزا رافیل ہینڈرکس کو بلایا اور دونوں کیپٹنز کے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کے ساتھ ہی میچ کی منسوخی کا اعلان کر دیا گیا۔
تیسرا میچ منسوخ ہونے کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی میزبان ٹیم کا پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔جنوبی افریقہ نے 3 ٹی20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے جبکہ دوسرے ٹی20 میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہفتہ کے روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ کا ٹاس بھی شدید موسمی خرابی کے باعث نہیں ہوسکا۔
تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا آخری میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہونا تھا جبکہ ٹاس رات ساڑھے 8 بجے ہونا تھا، تاہم سیاہ بادلوں اور شدید طوفان باد و باراں کی پیشگوئی کے باعث ٹاس بھی نہیں کیا جا سکا۔
جنوبی افریقہ کے محکمہ موسمیات کی طرف سے جوہانسبرگ میں طوفان بادوباراں کی وارننگ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ موسم کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے اور علاقے میں طوفان بادوباراں آ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:وائٹ واش کا خواب ادھورا رہ گیا، زمبابوے نے پاکستان کو تیسرے ٹی20 میں شکست دیدی
جنوبی افریقہ کو سیریز میں پہلے ہی ناقابل شکست برتری حاصل تھی جبکہ پاکستان کے پاس سیریز کا کم از کم ایک میچ جیتنے کا موقع تھا جبکہ جنوبی افریقہ پاکستان کو ٹی20 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے لیے میدان میں اترنا چاہتا تھا۔
وائٹ واش سے بچنے کے لیے پاکستان نے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی تھی، عثمان خان جو پہلے 2 میچوں میں 10 سے زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہے تھے، کی جگہ نائب کپتان سلمان علی آغا کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔