ناصر ادیب نے اداکارہ ریما سے معافی کیوں مانگی؟

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلم ساز ناصر ادیب نے اداکارہ ریما خان سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کہی تھی۔ انہوں نے تحقیق کیے بغیر اداکارہ کی ماضی کی زندگی پر ٖتبصرہ کیا جو انہیں نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ناصر ادیب نے کچھ دن قبل ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور ہدایت کار یونس ملک کسی فلم کے لیے ہیروئن دیکھنے لاہور کی ہیرا منڈی گئے تھے، جہاں انہوں نے ریما خان سمیت متعدد لڑکیوں کو دیکھا لیکن انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا، کیوں کہ انہیں وہ پسند نہیں آئی تھیں۔

اس بیان پر شوبز شخصیات نے ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جبکہ ریما خان نے بھی مبہم انداز میں لکھاری کے بیان پر رد عمل دیا تھا۔ تاہم اب ناصر ادیب نے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کی، انہیں ان کی ماضی کی زندگی پر بات کرنے سے قبل تھوڑی سی تحقیق کرنی چاہیے تھی۔

مزید پڑھیں: اداکارہ ریما کا ناصر ادیب کے تبصروں پر کرارا جواب

ناصر ادیب نے اسی پوڈکاسٹ میں دوبارہ شرکت کرکے ریما خان سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب ہدایت کار یونس ملک انہیں ہیرا منڈی کا کہہ کر لے گئے تھے، دراصل وہ ہیرا منڈی نہیں تھی لیکن انہیں پہلے یہی بتایا گیا تھا کہ وہ ہیرا منڈی جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی مسجد کے سامنے شاہی محلے میں لے جایا گیا تھا، جہاں انہوں نے ریما خان اور ان کی والدہ سے ان کے گھر میں جا کر ملاقات کی تھی۔ لیکن درحقیقت وہ ہیرا منڈی نہیں تھی بلکہ اس کے قریب دوسرا علاقہ تھا۔

مزید پڑھیں: جاوید شیخ نے اداکارہ نیلی سے بے وفائی کیسے کی؟ ناصر ادیب کے انکشافات

انہوں نے کہا کہ ریما خان سے متعلق بات کہنے کے بعد انہیں ایک پرانے دوست پروڈیوسر نے فون کرکے بتایا کہ انہوں نے ریما خان سے متعلق غلط بات کہی۔ ناصر ادیب کے مطابق تب وہ ڈپریشن میں چلے گئے اور پھر انہوں نے گوگل پر بھی اداکارہ سے متعلق کچھ تحقیق کی۔

ناصر ادیب نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر ریما خان سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے خدا کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی اور تحقیق کیے بغیر غلط بات کو آگے بڑھایا، اس لیے وہ شرمسار ہیں، ریما انہیں معاف کردیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp