پاکستان کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں، چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل

بدھ 18 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں سعودی وفد نے اسلام آباد میں قومی اسمبلی کا دورہ کیا اور پاکستانی ارکان اسمبلی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ قومی اسمبلی آمد پر اسپیکر ایاز صادق نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیں: ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے داخلہ کی اہم ملاقات

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، اراکین قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، گل اضغر خان، سید حفیظ الدین، نور عالم خان، زیب جعفر اور صاحبزادہ حامد رضا بھی شریک تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ دنیا میں حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، بدلتے حالات کا تقاضا ہے کہ ہم دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں۔

اس موقع پر چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کہا کہ میں اپنی اور اپنے وفد کی جانب سے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں مقیم تارکینِ وطن فیملی ویزا کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ میرے لیے دلی خوشی کا باعث ہے، پاکستان میں مجھے ہمیشہ خلوص اور محبت ملی، پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ملک ہے، سعودی عرب ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر آزادی حاصل کرنے والا اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے، دونوں ممالک کے مابین مضبوط دینی رشتہ ہے، پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے پاکستان کے خزانے میں جمع کردہ 3 ارب ڈالر کی مدت میں مزید توسیع کردی

شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی شوریٰ کونسل پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں مدد کرنے کی خواہاں ہے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے سعودی وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی حرمین الشریفین کے لیے بے پناہ محبت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں ملازمت کے بڑے مواقع، پاکستانی کیسے فائدہ اٹھاسکتے ہیں؟

رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کہا کہ سعودی حکومت اور عوام کی محبتیں ہمیں اپنی طرف کھینچتی ہیں، پارلیمانی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے دوستانہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی حکومت اور حزب اختلاف یکساں مؤقف رکھتے۔

ممبر سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عیشہ بنت حسن زکری نے کہا کہ سعودی عرب میں خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

سعودی پارلیمانی وفد جمعرات کے روز قومی اسمبلی میں قائم پارلیمانی کاکسسز اور فورمز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp