سعودی عرب نے پاکستان کے خزانے میں جمع کردہ 3 ارب ڈالر کی مدت میں مزید توسیع کردی

جمعرات 5 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی)  نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مملکت سعودی عرب کی جانب سے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے 3 ارب امریکی ڈالر کی واپسی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ مدت 5 دسمبر 2024 کو ختم ہورہی تھی جس پر 3 ارب ڈالر سعودی عرب کو واپس کیے جانے تھے تاہم اسے مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ مدت 3 دسمبر 2023 کو مکمل ہوئی تھی اس طرح اس مدت میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان  کے پاس رکھوائی گئی ہے۔

ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کا تسلسل ہے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت اور ملک کی ترقی میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیے: سعودیہ کا پاکستان میں ڈپازٹس بڑھاکر 5 ارب ڈالر کرنے اور مختلف شعبوں میں 21ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

واضح رہے ایس ایف ڈی کے ساتھ ابتدائی طور پر 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر سال 2021 میں دستخط کیے گئے تھے جبکہ اس کے بعد سنہ 2022 اور سنہ 2023 میں مدت ایک ایک سال کے لیے بڑھادی گئی تھی۔

شاہی ہدایات پر کیا جانے والا یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp