عدالتی نظام پر اعتماد یا اسے ختم کرنے میں ضلعی عدلیہ کا کردار ہوتا ہے، چیف جسٹس پاکستان

بدھ 18 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے ملک کے دور دراز اضلاع کے دورے جاری ہیں۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سندھ کے ضلع گھوٹکی کا دورہ کیا ہے، دورے کے دوران چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز سے ملاقات کی، چیف جسٹس نے گھوٹکی اور ملحقہ اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے ملک کے دور دراز علاقوں کا وزٹ جاری، گوادر جیل کا بھی دورہ

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ ملک کے دور دراز اور پسماندہ اضلاع کے بارے میں فکر مند ہے، ہر سطح پر انصاف کی فراہمی ججز کی آئینی ذمہ داری ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ضلعی عدلیہ نظام انصاف کے بارے میں عوامی تاثر کو تشکیل دیتی ہے، ضلعی عدلیہ نظام پر اعتماد پیدا کرنے یا اسے ختم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، عدالت آنے والے سائلین کے ساتھ انسانیت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کراچی جیل اصلاحات کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتیں انصاف کے طلبگاروں کے لیے امید اور انصاف کی کرن ہیں، عدالتی عملے کے لیے محفوظ و سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے گھوٹکی میں وکلا کی سہولت کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، وڈیو لنک سے جغرافیائی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے گا اور انصاف تک رسائی میں بہتری آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس یخییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کیوں بنایا گیا؟ وجہ سامنے آگئی

چیف جسٹس نے بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے تحفظات دور کیے اور انہیں ان کی شکایات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp