آئی سی سی نے ون ڈے، ٹی20 اور ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی

بدھ 18 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی20 فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق ایک روزہ کرکٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، اسی طرح بھارتی بیٹر روہت شرما کی دوسری، جبکہ شمبن گل اور ویرات کوہلی کی بدستور تیسری اور چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں ٹی20 کرکٹ: آسٹریلیا سے وائٹ واش کے باوجود بابر اعظم نے کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ایک روزہ کرکٹ میں بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، اس کے علاوہ قومی بولر شاہین آفریدی کا دوسرا نمبر برقرار ہے۔

اسی طرح ایک روز کرکٹ میں آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

ٹی20 رینکنگ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ٹی20 فارمیٹ میں آسٹریلیا کے بیٹر ٹریوس ہیڈ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، اس کے علاوہ بھارت کے تلک ورما اور سوریا کمار یادیو بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر بابر اعظم کی ٹی20 فارمیٹ میں ایک درجہ بہتری ہوئی ہے اور وہ چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ محمد رضوان 2 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹی20 فارمیٹ میں بولرز کی نئی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین 3 درجے ترقی کے بعد نمبر ون بولر بن گئے ہیں، پاکستان کا کوئی بھی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ 21ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ حارث رؤف کی 3 درجے تنزلی کے بعد 26ویں پوزیشن ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے بیٹر جوروٹ ایک مرتبہ پھر پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ ہیری بروک کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں 10ویں نمبر پر ہیں، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد 17ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں جسپریت بمرا بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ پاکستان کے نعمان علی کا 10واں نمبر ہے۔

یہ بھی پڑھیں انگلش بیٹر فل سالٹ نے محمد رضوان سے بڑا ریکارڈ چھین لیا

اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے کھلاڑی رویندرا جڈیجا پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp