بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی میلبورن ایئر پورٹ پر آسٹریلوی میڈیا پر برس پڑے، ویرات کوہلی نے ایک خاتون صحافی کے ساتھ تلخ کلامی کی اور اسے کھری کھری سنا دیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، میلبورن میں اگلے ہفتے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا چوتھا اور ’باکسنگ ڈے‘ میچ کھیلا جائے گا جس میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیم میلبورن پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹرز کا فالو آن سے بچنے کا جشن، سوشل میڈیا صارفین کی کڑی تنقید
تاہم میلبورن آمد پر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی ایک آسٹریلوی خاتون صحافی سے تلخ کلامی ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق، ویرات کوہلی خاتون صحافی کو جھاڑ پلا کر جانے لگے مگر پلٹ کر صحافی کو پھر سے ڈانٹ پلا دی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ویرات کوہلی ایئرپورٹ پر میڈیا کے کیمروں کا رخ اپنی فیملی کی طرف ہونے پر شدید غصے میں آگئے تھے۔
دوسری جانب، ایک صحافی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کی ایئر پورٹ آمد کے انتظار میں میڈیا کیمرے پہلے سے لگے ہوئے تھے، ویرات کوہلی کو غلط فہمی ہوئی اور وہ سمجھے کہ ان کی بچوں کے ساتھ ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کی سالگرہ، انوشکا شرما نے مداحوں کو اپنے بیٹے اکائے کی پہلی جھلک دکھا دی
ویرات کوہلی کو ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے کہتے سنا گیا کہ اپنے بچوں کے ساتھ مجھے پرائیویسی کی ضرورت ہوتی ہے، آپ لوگ مجھ سے اجازت لیے بغیر ریکارڈنگ نہیں کرسکتے۔
بعدازاں، چینل 7 کے نمائندے نے ویرات کوہلی کو تسلی کرائی کہ ان کے بچوں کی ریکارڈنگ نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں میزبان ٹیم کے خلاف 5 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا کے مابین یہ سیریز اب تک ایک، ایک سے برابر ہے۔