پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں 24 نومبرکے احتجاج کے دوران رینجرز کا زخمی ہونے والا جوان اسپتال میں دم توڑ گیا ہے، لائس نائیک تنویر کے سر میں گولی لگی تھی، وہ 3 ہفتوں سے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج میں رینجرز کے نائیک محمد کی شہادت سے پورا علاقہ غمزدہ ہوگیا
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 26 نومبرکوشرپسندی کا شکار رینجرزپنجاب کا ایک اورجوان شہید ہو گیا ہے۔ 25 اور 26 نومبر کواحتجاج کی آڑ میں پرتشدد کاروائیوں میں شدید زخمی پاکستان رینجرز پنجاب کے لانس نائیک محمد تنویرجن کی عمر 37 سال تھی اور وہ ضلع نارووال کے رہنے والے تھے، سر میں گولی لگنے سے اسپتال میں کومہ کی حالت میں تھے ۔
پریس ریلیز کے مطابق لانس نائیک محمد تنویر شہید نے 17سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا، لانس نائیک محمد تنویر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں، 25 اور26 نومبرکواحتجاج کی آڑمیں پی ٹی آئی کارکنان نے پرتشدد حملے کیے۔
پریس ریلیز کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پہ حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ، پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے حملوں سے رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد اب 4 ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہیں، اس کے علاوہ پنجاب پولیس کے 2 اہلکارشہید جبکہ تقریباً 119 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچل کر شہید کرنے سے متعلق اہم انکشافات منظر عام آگئے
پولیس کے مطابق پرتشدد کاروائیوں کے باعث اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکارشدید زخمی ہوئے، پرتشدد واقعات اورتوڑپھوڑکی متعددویڈیوزمنظرعام پرآ چکی ہیں، پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات پرآگ بھی لگائی، پرتشدد عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ادھر وفاقی پولیس نے رینجرز کے جوان لائس نائیک تنویر کی شہادت کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہے کہ لائس نائیک تنویر تھانہ ترنول اسلام آباد کے قریب مظاہرین کی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور راولپنڈی ’سی ایم ایچ‘ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لائس نائیک تنویر تھانہ ترنول پر 26 نمبر چونگی پر اپنی ڈیوٹی دے رہے تھے کہ مظاہرین نے ان کے سر میں گولی مار دی اور انہیں بری طرح زخمی حالت میں اسپتال میں پہنچایا گیا تھا، تاہم جمعرات کو وہ اسپتال میں شہید ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق لائس نائیک تنویر کا مقدمہ نمبر 933 دہشتگردی کے ایکٹ کے تحت تھانہ ترنول میں درج ہے جس میں اب دفعہ نمبر302 بھی شامل کی جائے گی۔ رینجرز کے جوان کا پوسٹ مارٹم راولپنڈی ’سی ایم ایچ‘ اسپتال میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں رینجرز اہلکاروں پر حملے کی فوٹیج سامنے آگئی، شرپسندوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ
واضح رہے کہ 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنے کی کال دی تھی تاہم پی ٹی آئی کے حامی 26 نومبرکو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد ’ڈی چوک‘ پہنچے تھے۔
پشاور سے اسلام آباد پہنچنے تک پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد جھڑپیں ہوئیں جس میں درجنوں پولیس جوان بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے کہا تھا کہ تھانہ ترنول کے قریب پی ٹی آئی کے مشتعل ہجوم نے رینجرز کے جوانوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس سے 3 رینجرزجوان موقع پرہی شہید ہو گئے تھے، اب اسلام آباد احتجاج میں رینجرز کے شہید ہونے والوں جوانوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔