وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر کل ملاقات کے لیے بلالیا

جمعرات 19 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے، اور مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر کل انہیں ملاقات کے لیے بلا لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کل سہہ پہر 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے میٹنگ کریں گے، اور اتحاد تنظیمات مدارس کا مؤقف سامنے رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں مدارس رجسٹریشن بل پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعتراضات کیا ہیں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی جانب سے رابطہ کرنے کے بعد ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی سے بھی رابطہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مفتی تقی عثمانی کو اعتماد میں لیا، اور کل ہونے والی ملاقات سے متعلق مشاورت بھی کی۔

دوسری جانب جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ کل وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوگی، ہم شہباز شریف سے اچھے کی امید رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات عائد کیے ہیں جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل ایکٹ بن چکا، کوئی ترامیم قبول نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان سمیت اتحاد تنظیمات مدارس کا مؤقف ہے کہ صدر نے بل پر بروقت اعتراضات عائد نہیں کیے جس کے باعث وہ ایکٹ بن چکا ہے، اس لیے اس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp