وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو کرم میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا پشاور آمد پر خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور سے پشاور میں ملاقات، علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مل کر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔ pic.twitter.com/GHDTDMcLuq
— WE News (@WENewsPk) December 20, 2024
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں امن کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے صوبے کو پی ٹی آئی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعظم سے شکوہ
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہیں، لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشتگردی کی عفریت کا مل کر مقابلہ کریں گے۔