مولانا فضل الرحمان کی ایک اور کامیابی، مدارس رجسٹریشن آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری

جمعہ 27 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے جمعے کو 2 صدارتی آرڈیننس منظور کرلیے۔

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں صدارتی آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مدارس بل کی منظوری کے لیے حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی ڈیڈ لائن، مدارس بل ہے کیا؟

منظور ہونے والے آرڈیننس میں ایک مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے تھا۔ اس ضمن میں وفاقی کابینہ نے مولانا فضل الرحمان کے مدارس رجسٹریشن بل کے مطالبات پر آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری دی۔

دوسرا آرڈیننس انکم ٹیکس کے حوالے سے تھا اسے بھی کابینہ نے منظور کرلیا۔ مذکورہ آرڈیننس کے ذریعے بینکوں کے 70 ارب روپے کے اضافی منافع پر ٹیکس وصولی متوقع ہے۔ منظور کیے گئے اس انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس کے نفاذ سے بینکوں کے منافعے پر بھاری ٹیکس نافذ ہوگا۔

مدارس بل کے چند نکات

20 اکتوبر 2024 کو مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک بل سینیٹ میں پیش کیا گیا تھا جس میں ذیل میں درج شقیں شامل کی گئیں۔

بل کو ’سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ 2024‘ کا نام دیا گیا ہے، بل میں متعدد شقیں شامل ہیں۔ بل میں 1860 کے ایکٹ کی شق 21 کو تبدیل کرکے ’دینی مدارس کی رجسٹریشن‘ کے نام سے ایک نئی شق شامل کی گئی ہے۔

اس شق میں کہا گیا ہے کہ ہر دینی مدرسہ چاہے اسے جس نام سے پکارا جائے اس کی رجسٹریشن لازم ہوگی جبکہ رجسٹریشن کے بغیر مدرسہ بند کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیے: ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور ہوگیا

شق بی میں کہا گیا ہے کہ وہ مدارس جو اس بل کے نافذ ہونے کے بعد قائم کیے جائیں گے انہیں ایک سال کے اندر اپنی رجسٹریشن کرانی ہوگی، بل میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک سے زائد کیمپس پر مشتمل دینی مدارس کو ایک بار ہی رجسٹریشن کرانی ہوگی۔ علاوہ ازیں ہر مدرسے کو اپنی سالانہ تعلیمی سرگرمیوں کی رپورٹ رجسٹرار کو جمع کرانی ہوگی۔

ہر مدرسہ کسی آڈیٹر سے اپنے مالی حساب کا آڈٹ کروانے کا پابند ہوگا اور آڈٹ کے بعد مدرسہ رپورٹ کی کاپی رجسٹرار کو جمع کرائے گا۔

بل کے تحت کسی دینی مدرسے کو ایسا لٹریچر پڑھانے یا شائع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جو عسکریت پسندی، فرقہ واریت یا مذہبی منافرت کو فروغ دے۔

تاہم مختلف مذاہب یا مکاتب فکر کے تقابلی مطالعے، قران و سنت یا اسلامی فقہ سے متعلق کسی بھی موضوع کے مطالعے کی ممانعت نہیں ہوگی۔

چیمیئنز ٹرافی میں شائقین کو اعلیٰ سطحی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، وزیراعظم

دریں اثنا وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر کابینہ ارکان سے گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم، چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا بالآخر اعلان ہوگیا

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئی سی سی چیمپیئز ٹرافی 2025 کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں قوم کو ہائی کوالٹی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پرامید ہیں کہ کرکٹ کے میدان میں ہمارے کھلاڑی پاکستان کی صلاحیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp