ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور ہوگیا

جمعرات 26 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی تجویز پر صوبوں نے زرعی ٹیکس قوانین میں ترامیم کی تیاری کرلی

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں منظور کیے گئے بل کے مطابق نااہل ٹیکس فائلرز 800 سی سی سے بڑی گاڑیاں، جائیداد، بنگلے نہیں خرید سکیں گے، بینک اکاونٹ کھولنے اور شیئرز کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی۔

چیئرمین وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے دعویٰ کیا کہ ٹیکس قوانین میں ترامیم سے 95 فیصد لوگ متاثر نہیں ہوں گے۔

دوران اجلاس قائمہ کمیٹی نے ٹیکس آڈیٹرز اور ماہرین پر ٹیکس دہندہ کا ڈیٹا خفیہ رکھنے جبکہ نااہل فائلرز پر بڑی گاڑی خریدنے، بینک اکاؤنٹ کھولنے اور شیئرز خریداری پر پابندی کی شق منظور کی جبکہ نا اہل فائلرز کے لیے جائیداد کی خریداری پر پابندی لگانے کی شق کی بھی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں کمیٹی نے ہائی رسک افراد کا ڈیٹا بینکوں سے شیئر کرنے، نا اہل فائلرز کے کرنٹ اور سیونگ اکاؤنٹ پر پابندی کی شق کی بھی منظوری دی تاہم غیر رجسٹرڈ افراد کو آسان اکاونٹ چلانے کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیے: معیشت بہتری کی جانب گامزن، ہاؤسنگ سیکٹر میں ٹیکسز کے حوالے سے سوچ بچار کررہے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ

چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس کو بتایا کہ نان فائلرز کو گاڑی، جائیداد خریدنے سے پہلے اپنی مالی اہلیت کو ثابت کرنا ہوگا، ان افراد کو خریداری سے قبل اپنے گوشواروں میں ذرائع آمدن بھی بتانے ہوں گے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اس بل سے 90 سے 95 فیصد لوگ متاثر نہیں ہوں گے۔

اس موقعے پر سینیٹر محسن عزیز نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پابندی کی تجویز پیش کی۔

ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کیا ہے؟

ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کا مقصد ٹیکس قوانین پر عمل دار اور آمدنی کے حساب سے ٹیکس ادا کرنے کو یقینی بنانا ہے تاکہ ملکی معاشی ترقی کے لیے وسائل پیدا کیے جاسکیں۔

بل کے مطابق ٹیکس نہ ادا کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی تجویز کی گئی ہے۔ ٹیکس چوروں کے بینک اکاؤنٹس پر پابندی لگانے کی تجویز بھی بل میں شامل کی گئی ہے۔ سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے پر بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے اور ایسے افراد پر پراپرٹی ٹرانسفر پر بھی پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیں: بڑے ریٹیلرز کی غیر تصدیق شدہ رسیدوں کی اطلاع پر ایف بی آر کیا انعام دے گی؟

سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے 2 دن بعد اکاؤنٹس غیرمنجمد کیے جائیں گے اور اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کے لیے چیف کمشنر کے پاس اپیل کرنی ہوگی۔

نان فائلر بینک اکاؤنٹ نہیں کھول سکیں گے اور مقرر کردہ حد سے زیادہ پیسے بھی اکاؤنٹ سے نہیں نکال سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp