انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بابراعظم اور صائم ایوب کے لیے اعزاز

اتوار 29 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کرکٹر آف دی ایئر کے لیے 4 کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔ جن میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بلے باز بابر اعظم بھی شامل ہیں۔ قبل ازیں آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ‘ کے لیے بھی نامزد کیا ہے۔

آئی سی سی کے نامزد کھلاڑیوں میں کنگ بابراعظم کے علاوہ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا، آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ اور بھارتی باؤلر ارشدیب سنگھ شامل ہیں۔

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے سال 2024 میں 24 میچز میں 33.54 کے اوسط سے 738 رنز اسکور کیے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 75 رہا۔ بابر اعظم نے ٹی20 میں گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے جبکہ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں مزید 8 رنز بناکر بھارتی کپتان روہت شرما کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔

 مزید پڑھیں: بابراعظم نے مہندرسنگھ دھونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

بابراعظم کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے واحد پاکستانی اور دنیا کے تیسرے بلے باز ہیں۔ اس سے قبل بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی اور روہت شرما نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جو ٹی20 سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے رواں سال 24 میچوں میں 28.65 کی اوسط سے 573 رنز بنائے جس میں ایک سینچری بھی شامل ہے جبکہ وہ 24 وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سب ریجن کوالیفائر کے میچ میں 133 رنز کی اننگز کھیلی اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ نے 15 میچوں میں 38.5 کی اوسط سے 539 رنز بنائے اور ان کا سب سے بڑا اسکور 80 رہا۔ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلیا کے دوسرے بلے باز رہے، رنز کے اعتبار سے ٹی20 ورلڈکپ میں وہ تیسرے نمبر پر رہے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کون سا اہم سنگ میل عبور کرنے والے ہیں؟

بھارت کے فاسٹ باؤلر ارشدیب سنگھ نے رواں سال 18 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔

صائم ایوب ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ‘ کے لیے نامزد

واضح رہے کہ آئی سی سی نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کیا ہے۔ صائم ایوب کے ساتھ سری لنکا کے بیٹر کمندو مینڈس، ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر شمار جوزف اور انگلینڈ کے گس ایٹکنسن بھی نامزد ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp